منی لانڈرنگ ریفرنس، شہباز شریف کیخلاف گواہان کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں 

 

لاہور۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں گواہان کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔110 افراد پر مشتمل گواہان کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق  نیب کی طرف سے تیار کردہ فہرست میں مختلف بینکوں کے نمائندے، ایف بی آر، پٹواری اور دیگر سرکاری محکموں کے افراد، نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انویسٹی گیشن آفیسر بھی شامل ہیں جبکہ شہباز شریف خاندان کے خلاف 4 وعدہ معاف گواہ بھی نیب کے موقف کی تائید کریں گے جن میں مشتاق چینی، یاسر مشتاق، شعیب قمر اور محبوب علی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے شہباز خاندان کے خلاف 7ارب 35 کروڑ کی منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر کررکھا ہے جہاں شہبازشریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

نیب کی جانب سے سلمان شہباز کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا ملزم ملک سے باہر چلا گیا۔جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پرڈی جی نیب لاہور دفتر خارجہ کو آگاہ کرے اور سلمان شہباز کی واپسی کے لیے وزارت خارجہ کو آگاہ کیا جائے جبکہ عدالت نے شہباز شریف، انکی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹیوں کو طلب کیا تھا۔

 یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف بھی اپنی بیٹی جویریہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت کی طرف سے جویریہ کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

عدالت میں شہباز شریف نے اپنے موقف مین بتایا کہ 10 سال ذمہ داری اور ایمانداری سے خدمت کی اور کئی سو ارب روپے حکومتی خزانے کے بچائے، تین ادوار میں سرکاری تنخواہ وصول نہیں کی، بچوں اور بھائیوں کے کاروبار میں اربوں روپے کا نقصان ہنچا۔