کورونا وائرس کے دوران پاکستان نے دنیا میں مثال قائم کی، صدر عارف علوی 

 

 میرپور خاص۔صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وبا میں اپنے شہریوں کوامداد ومعاونت کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان نے دنیا میں مثال قائم کی ہے۔

، حکومت نے وبا کے دوران ملک کی آدھی آبادی کو امداد فراہم کی، پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب حکومت اورریاست کا عام آدمی کا ساتھ تعلق ہو، پاکستان اپنی اقلیتوں کے ساتھ مثالی سلوک کررہاہے۔

انہوں یہ بات ہفتہ کو میرپورخاص میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

 صدرمملکت نے کہاکہ آج حکومت میں یہ سوچ ہے کہ جب کوئی مشکل آتی ہیں تواس صورت میں مدد فراہم کی جائے،حکومتیں محلوں کے اندرنہیں ہوتیں، حکومتیں عوام کی بات کرتی ہیں، عوام کے ساتھ ساتھ ہوتی ہیں اور عوام کی مشکلات کا حل نکالتی ہیں۔

صدرنے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا میں دنیا میں پاکستان نے مثال قائم کی،پاکستان کی حکومت نے ایک کروڑ69 لاکھ خاندانوں کو12،12 ہزار روپے کی نقدامداد فراہم کی کیونکہ عوام مشکل میں تھے، ہمارے لوگ بے روزگارہوگئے تھے، ایسے میں لوگوں کوغلہ اورخوراک پہنچانا ضروری تھا اگرایسا نہ کیا جاتا تولوگ بھوک کاسامناکرتے،اسلئے ہندوستان اوردیگرممالک کی طرح پاکستان میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیاگیا۔

ان ممالک میں عوام اورحکومت کے درمیان رابطہ بندہوا،بھارت میں فیکٹریاں بند کرنے سے لوگوں کو 1500 کلومیٹردورتک پیدل جانا پڑا۔

صدرنے کہاکہ پاکستان ایساملک ہے جہاں وزیراعظم نے کہاکہ فیکٹریاں بند نہیں ہوں گی اورلوگوں کو گھروں میں امدادپہنچائی جائیگی، حکومت نے وبا کے دوران ملک کی آدھی آبادی کو امداد فراہم کی، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوا، یہ پاکستان میں ہواہے، دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہاہے۔

صدرنے کہاکہ اللہ نے ہماری اسلئے مدد کی کیونکہ حکومت نے عوام کاخیال رکھا، پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب حکومت اورریاست کا عام آدمی کا ساتھ تعلق ہوں،

 صدرمملکت نے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا سے دنیابھرکی معیشتوں کونقصان پہنچا ہے، پاکستان کو بھی اس سے نقصان ہواہے لیکن وہ اتنا زیادہ نہیں تھا،پاکستان بحالی اوربہتری کی طرف جارہاہے کیونکہ پاکستان کوتعمیراورمضبوط کرنے والے ہاتھ ہمارے مزدوروں اورکسانوں کے ہیں، ان ہاتھوں اورحکومت کے درمیان تعلق کواگرہم نے مضبوط رکھا توانشا اللہ پاکستان ترقی کرتا جائیگا۔

صدرنے امدادی سرگرمیوں میں شیخ خلیفہ بن زیدٹرسٹ، یواے ای کی حکومت اوردیگراداروں کاشکریہ اداکیا۔