اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے درآمدی گندم پر سبسڈی صوبوں سے لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سبسڈی کا تعین کرنے کے لئے وزیر اعظم نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ صوبوں کو در آمدی گندم پر سبسڈی کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
وزارت قومی تحفظ خوراک کے معتبرذرائع نے بتایا ہے گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت گندم کے حوالے سے اہم اجلاس در آمدی گندم پر سبسڈی دینے سے متعلق فیصلہ نہ ہونے پر وزیر اعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کیا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درآمدی گندم پر سبسڈی صوبوں سے لی جائے گی۔
وفاق نے مؤقف اختیار کیا کہ درآمدی گندم صوبے استعمال کریں گے سبسڈی بھی وہی دیں۔ملک میں گندم کی سرکاری قیمت 1450روپے فی من جبکہ درآمدی گندم 1900روپے سے زائد میں پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے گندم کی قیمتوں کے مناسب تعین کے لئے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر، سیکرٹری قومی تحفظ خوراک اورچیئرمین ٹی سی پی کمیٹی میں شامل ہیں۔
درآمدی گندم کے ٹرانسپورٹیشن اور دیگر اخراجات بھی صوبوں سے وصول ہونگے۔صوبوں کو سبسڈی سے متعلق فیصلے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ملک میں اب تک درآمدی گندم کے تین جہاز پاکستان آچْکے ہیں تین جہازوں میں مجموعی طور پر 195000میٹرک ٹن گندم در آمد ہو چکی ہے۔