اسلام آباد۔20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن کی جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کرنا شروع کر دیئے۔رہبر کمیٹی کے فیصلے کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی پیپلز پارٹی کے ذمہ تھی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کئی ماہ کی تاخیر کے بعد 20 ستمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے جس کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آل پاٹیز کانفرنس کی ذمہ داری ملنے کے بعد اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو خط کے ذریعے دعوت نامے بھجوانا شروع کر دیئے ہیں۔اپوزیشن کی 11 جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوں گی۔
بڑی جماعتوں سے 5 سے6 رہنماؤں پر مشتمل وفد بھی شریک ہوگا جبکہ چھوٹی جماعتوں سے 3سے4 رہنماؤں پر مشتمل وفد اے پی سی میں شرکت کرسکے گا۔
ذرائع کے مطابق اے پی سی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے سینئر رہنماؤں فرحت اللہ بابر،نیئر بخاری،شیری رحمان،قمر زمان کائرہ کے ہمراہ شریک ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی قیادت میں شاہد خاقان عباسی،خواجہ آصف،احسن اقبال،سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ پر مشتمل وفد کے شرکت کا امکان ہے جبکہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں 3 سے4 رکنی وفد اے پی سی میں شریک ہوگا۔