رشکئی انڈسٹریل زون خیبر پختونخوا کیلئے بہت بڑا سنگ میل ہے، عمران خان 

 

اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رشکئی اقتصادی و انڈسٹریل زون خیبر پختونخوا کے لیے بہت بڑا سنگ میل ہے اور اس سے صوبے کے لوگوں کو انڈسٹری لگانے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو اپنے علاقے میں ہی نوکریاں بھی ملیں گی۔

 وزیراعظم ہاؤس میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کے معاہدے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے بڑا عجیب لگ رہا ہے کہ وہ چائنیز بولتے ہیں، ہم اردو بولتے ہیں اور انگریزی میں ہم سے تقریب کر رہے ہیں لہذا میری درخواست ہے کہ ہم بھی اردو میں بات کریں، ہمیں انگریزی بولنے کی کیا ضرورت ہے،آئندہ تقاریب میں اردوکو ترجیح دینے کی ہدایت کر دی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے ایک بڑاسنگ میل ہے کے پی کے میں انڈسٹری لگے گی اور وہاں کے لوگوں کو روزگار ملے گا۔وزیراعظم  نے کہا کہ سی پیک کے تحت فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہوگا یہ پختونخوا اور پاکستان کے لیے بہت بڑا سنگ میل ثابت ہو گا اس کے لیے میں وزیر اعلیٰ محمود خان کو مبارکباددیتا ہوں یہ خصوصی اقتصادی زون پختونخوا کے لیے بہت بڑا سنگ میل اس لیے ہے کہ وہاں کے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ وہاں بھی انڈسٹری لگے اور انہیں نوکریاں ملیں یو این  کے ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پختونخوا میں سب سے زیادہ انسانی ترقی کے ساتھ ساتھ غربت کم ہو رہی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ یہاں کے لوگ کو روزگار کے لیے بیرون ملک یا پھر کراچی اور دیگر شہروں میں جانا پڑتا ہے مگر پختونخوا میں روزگار نہیں ہے لہٰذا یہاں کے لوگوں کے روزگار کے لیے اقتصادی زون کا قیام بہت ضروری ہے مجھے خوشی ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والے چار اقتصادی زونز کا فیصلہ ہوا تھا ان میں جس تیزی سے کام ہوا ہے وہ رشکئی انڈسٹریل زون ہے اس سے کے پی کے کے لوگوں کو اپنے ہی صوبے میں نوکریوں کے حصول کا موقع ملے گا۔میری یہی دلچسپی ہے کیونکہ لوگوں کے لیے اپنے گھر سے دور رہنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔

 رشکئی  اقتصادی زون خیبرپختونخوا کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں جاری امن مذاکرات بڑی پیشرفت ہے اس میں پاکستان کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ہم نے بڑی کوشش کی کہ طالبان اور افغان حکومت اکٹھے بیٹھیں اور وہاں امن قائم ہو اگر وہاں امن قائم ہو جائے گا تو یہاں سے مشرق وسطیٰ تک آمدورفت آسان ہو جائے گی ازبکستان  کے نائب صدر آئے ہوئے تھے ان سے بھی میری بات ہوئی اب ایک ریلوے لائن مزار شریف سے سیدھی پشاور تک آئے گی۔

سی پیک منصوبوں کے تحت پاکستان میں ایم ایل ون ریلوے منصوبہ مکمل ہو جائے گا ایم ایل ون پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلوے کا منصوبہ ہے جو بہت پہلے بننا چاہیے تھا یہ بھی سی پیک کے تحت ہے جس سے کراچی سے لاہور آٹھ گھنٹے میں ٹرین پہنچے گی اور پھر ڈھائی گھنٹے میں راولپنڈی پہنچے گی سی پیک منصوبے صرف مواصلات تک محدود نہیں ہے۔ریلوے کو ازبکستان سے افغانستان کے ذریعے پاکستان تک لانے کی بات ہو رہی ہے اب سارا علاقہ تبدیل ہونے والا ہے۔

 پاکستان کی اسٹرٹیجک کا اس ملک کو بھر پور فائدہ ہوگا خیبرپختونخوا کے لوگ دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں افغانستان میں امن سے جو  ترقیاتی کام ہوں گے،ان سے اس علاقے کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا  دریں اثنا  وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں ٹیکس کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس ہو۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے بعد ازاں   وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سیرت النبی ؐ اور صوفیائے کرام  کی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے تعمیر کی جانے والی "القادر یونیورسٹی"    کے قیام میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔  وزیرِ اعظم نے  یونیورسٹی کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔