پاکستانی تاریخ کی طویل ترین بندش کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھل گئے پہلے مرحلے میں میٹرک، انٹر اور جامعات کے طلبہ تعلیمی اداروں کا رخ کریں گے بعدازاں پرائمری کلاسز بھی کھول دی جائیں گی۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب 6 ماہ قبل مارچ میں بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے، جب کہ شادی ہالز بھی آج سے کھل جائیں گے۔ شادی ہال تو فوری کھل جائیں گے تاہم تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے جس میں بڑی کلاسز پہلے اور پرائمری اسکولز بعد میں کھولی جائیں گے۔
ملک بھر میں اسکول کھلنے کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ تمام طلبہ طالبات ماسک پہن کر اسکولوں میں آئے، اسکولوں میں صبح کی اسمبلیاں نہیں ہوئیں، تفریح بھی نہیں ہوگی، کلاس رومز جانے سے قبل طلبہ طالبات کا ٹمپریچر بھی چیک کیا گیا، تمام اسکولوں کے مرکزی گیٹ پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
سندھ میں منگل سے تعلیمی ادارے ساڑھے 6 ماہ بعد کھل رہے ہیں اور ابتدائی طور پر میٹرک انٹر اور جامعات کے طلباء و طالبات تعلیمی اداروں کا رخ کریں گے۔ دوسرے مرحلے میں سیکنڈری اور تیسرے میں پرائمری کے طلبہ ایس او پیز کے ساتھ اسکول جائیں گے۔