پشاور۔خیبر پختونخوا کابینہ نے بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری خط و کتابت میں آخری پیغمبر حضر ت محمد کا نام "حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبین صلی اللہ علیہ و آلہ و اصحابہ و سلم "لکھنے کی منظوری دے دی۔
کا بینہ نے صوبے میں زراعت کی ترقی کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر" کسان دوست پروگرام "کے اجراء کی منظوری بھی دیدی جسکے تحت صوبے میں گندم کی سالانہ پیداوار 1.1ملین میٹرک ٹن سے بڑھا کر 1.6میٹرک ٹن کر دیا جائے گا۔اس مقصد کیلئے کسانوں کو رعایتی نرخوں پر مستند بیچ او ر کھاد وغیرہ فراہم کئے جائینگے۔ جس کے لئے کابینہ نے ابتدائی طور پر 397ملین روپے گرانٹ کی منظوری بھی دیدی۔
صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں ممبران کابینہ کے علاوہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکر ٹریوں نے شرکت کی۔
کابینہ نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے سے تین لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔یہ گندم اس سے قبل خریدی گئی 1.5میٹرک ٹن گندم کے علاوہ ہے۔
کابینہ نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام اور صارفین کو سستے آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے گندم کی درآمد میں دوگنا اضافے کی منظوری دیدی۔کابینہ نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے تین نئے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قیام کی بھی منظوری دیدی جن میں کیلاش ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی شامل ہیں۔
کابینہ نے صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے 100مزید کیمپنگ پاڈزقائم کرنے کی منظوری دیدی۔آنے والے پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعض میچوں کے پشاور میں انعقاد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کابینہ نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کیلئے 400ملین روپے کی اضافی گرانٹ کی بھی منظوری دیدی۔
پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے استعداد کار کو بڑھانے اور اس شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے کابینہ نے پیڈو ایکٹ کی بھی منظوری دیدی۔کابینہ نے منرل ٹائٹلز سمیت محکمہ معدنیات اور معدنی ترقی کے دیگر امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ کے معاملات کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا۔
کابینہ نے موشن فلمز کے سینسر بورڈ کو صوبائی حکومت کے پاس رکھنے کی منظوری دیدی تاکہ صوبے کی قدیم ثقافت کو صحیح معنوں میں اجاگر کرنے کیلئے معیاری مواد تیار کیا جا سکے کابینہ نے گنے کی کرشنگ میں تاخیر کی صورت میں شوگر ملوں پرعائد جرمانوں کی شرح کو کم ازکم پچاس ہزار اور زیادہ سے زیادہ پانچ لاکھ روزانہ سے بڑھا کر کم سے کم پانچ لاکھ اور زیادہ سے زیادہ پچاس لاکھ روزانہ کرنے کی منظور ی دیدی۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا منرلز اینڈ مائنز منرلز ٹیمپریری پرمٹ رولز 2020ء کی بھی منظوری دے دی کابینہ نے مختلف معدنیات کے رائلٹی ریٹس میں اضافے کی بھی منظوری دیدی۔جن میں بیرائٹس، بالکلے،بیکزائٹس،بینٹونائٹس، چائنہ کلے،ماربل، ڈولومائٹ وغیرہ شامل ہیں۔
کابینہ نے ریلوے گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 18کے افیسر رضا حبیب کی بطور ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعیناتی کی بھی منظور ی دیدی۔کابینہ نے صالحہ آصف کی بطور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز خیبر بینک تعیناتی کی منظور ی دیدی۔
کابینہ نے درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والی حادثے میں جاں بحق ہونے والے ضلع شانگلہ کے رہائشی نیک محمد کے ورثا کیلئے 10لاکھ روپے کی معاوضے کی بھی منظوری دیدی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے مختلف محکموں کے تحت قائم اتھارٹیز اور بورڈز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کے بارے میں کابینہ کو رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کے تحت قائم تمام بورڈز اور اتھارٹیز کی کارکردگی کا با قاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ اور جن کی کارکردگی مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہو گی ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔