رواں سال کراچی سے خیبر تک شدید سردی کے ریکارڈ ٹوٹ جائینگے، ماہرین موسمیات

 

لاہور۔ پاکستان میں رواں سال شدید سردی کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے، موسم سرما معمول سے زیادہ طویل ہوگا، ریکارڈ توڑ بارشیں اور برفباری ہوگی۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آئندہ موسم سرما کے دوران سردی کی شدت اور دورانیہ کے ریکارڈز ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔

 اس حوالے سے کچھ ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان میں موسم سرما کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہوگا۔جبکہ سردی کی شدت بھی بہت زیادہ ہوگی۔ 

موسم سرما کے دوران کراچی سے لے کر خیبر تک ہر علاقے میں موسم شدید سرد رہے گا۔ ریکارڈ توڑ بارشیں اور برفباری ہوگی۔ 

خاص کر ملک کے شمالی علاقوں میں معمول سے کہیں زیادہ برفباری ہونے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت بہت زیادہ ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ لا لینا نامی موسمی پیٹرن کے ظاہر ہونے کی وجہ سے موسم سرما کے دوران سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہوگا۔

لا لینہ سمندری درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے نمودار ہونے والا ایک موسمی پیٹرن ہے جو ہر چند برس بعد نمودار ہوتا ہے، اس موسمی پیٹرن کی وجہ سے ہی موسم سرما کے دوران برفباری اور بارشوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستان میں سردی کی شدت گزشتہ کچھ برسوں کے مقابلے میں زیادہ رہی تھی۔