بی آرٹی میں تعطل عارضی ہے بس جلد دوبارہ چلے گی‘کامران بنگش

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے بی آر ٹی سروس معطل ہونے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سروس کو عارضی طور پر بند کرنے کا بنیادی مقصد جانی نقصان سے بچنا ہے۔

 بسوں میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے چین سے متعلقہ بسوں کی مینوفیکچرنگ ٹیم پشاور پہنچ چکی ہے‘ متعلقہ چائنیز ٹیم سروس کو مانیٹر کر رہی ہے‘ٹیکنیکل رپورٹ جلد جمع ہو جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی روک تھام کیلئے ایک دفعہ پھر سے چائنیز ٹیم سے بسوں کا معائنہ کرا رہے ہیں مکمل کلیئرنس کے بعد بی آر ٹی بس سروس دوبارہ چل پڑے گی۔

 ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے حیات آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

معاون خصوصی کامران بنگش نے بی آر ٹی بس سروس پر تنقیدی رویے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ بس سروس عارضی طور پر بند کرنے سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہم عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ تنقید ہوتی رہتی ہے لیکن ہم عوامی تحفظ و مفاد کو سب سے بالا تر رکھیں گے۔ عوامی مفادات کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں جنہوں نے جو بھی تنقید کرنی ہو کریں ہم نے ترقیاتی منصوبے جاری رکھنے ہیں۔