اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی صدر اور اپوزیشن لیڈرمیاں شہباز شریف نے واضح طور پرکہا ہے کہ جب تک پنجاب برابر کا بھائی نہیں بنے گا اس وقت تک قائد کا پاکستان نہیں بنے گا۔
آگے بڑھنے کے لیے چھوٹے صوبوں کے تحفظات دور کرنا ہوں گے،ہم احتساب نہیں بلکہ انتقام کی چکی سے گزر رہے ہیں۔
جمعرات کووفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ صرف پنجاب پر توجہ دیں۔
حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم احتساب نہیں بلکہ انتقام کی چکی سے گزر رہے ہیں، اس انتقام کو صبر کے ساتھ برداشت کررہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس احتساب کے نام پر ہونے والے انتقام سے پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بلاول کے خاندان نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
چاروں صوبوں کو برابر کے وسائل دینے چاہئیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ صرف پنجاب پر توجہ دیں۔