نواز شریف کا اپوزیشن کی اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت اور خطاب کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان و سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ نواز شریف اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔ ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو کل چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی، جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمن پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف کے درمیان فون پر سیاسی صورتِ حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا تھا۔ دوسری جانب نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت اور خطاب کے فیصلے کی تصدیق ن لیگ کی جانب سے بھی ہوگئی ہے اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فورمز پر نشر کرنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔