اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنی اور صدر پاکستان کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری دے دی۔
مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کو سرکاری خرچ پر وی آئی پی اخراجات کا کلچر ختم کرنے کیلئے مراعات میں کمی کا قانون فوری طور پر پارلیمنٹ سے منظور کروانے کی ہدایت کردی۔قانونی ٹیم کی طرف سے کام شروع کر دیا گیا۔
اس بل کے تحت سربراہان مملکت کے کئی شہروں میں کیمپ آفسز ڈکلیئر کرنے کی شق کا خاتمہ کیا جائے گا، جس کے بعد صدر اور وزیراعظم صرف ایک سرکاری رہائش گاہ رکھ سکیں گے، اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی، ملازمین، کھانے پینے، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مد میں قومی خزانے کی بچت کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ماضی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک سابق صدر نے لاڑکانہ ریسٹ ہاؤس اور رتو ڈیرو کا بھٹو ہاؤس بطور صدر ہاؤس ڈکلیر کیا، جنوبی پنجاب سے ایک وزیراعظم نے ملتان اور لاہور سمیت 5 مقامات پر کیمپ آفسز بنائے، جبکہ ایک وزیراعلیٰ نے لاہور میں 7 مختلف کیمپ آفسز کو وزیراعلیٰ آفس ظاہر کیا۔