اپوزیشن کی اے پی سی میں آصف زرداری کی بھی ویڈیولنک شرکت متوقع 

اسلام آباد۔ اپوزیشن  جماعتوں کی کثیر الجماعتی کانفرنس کل دن بارہ بجے  اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد  ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔

 ذرائع کے مطابق  اے پی  سی میں  حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ  لیا جائے گا۔  اپوزیشن جماعتیں اپنے آئندہ کا لائحہ عمل بھی مرتب کرینگی۔

کانفرنس میں  حکومت مخالف قراردادوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ اور پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

  کانفرنس میں شرکت کیلئے اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اپنے اپنے وفود کا اعلان کردیا ہے۔جماعت اسلامی  اس کا حصہ نہیں ہوگی۔

 سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کانفرنس میں  ویڈیولنک کے ذریعے   شرکت متوقع ہے۔

 دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کی جانب سے  اے پی سی میں شرکت 11 رکنی وفد کا اعلان کردیا گیا ہے۔

لیگی وفد کی قیادت  مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی وفد کا حصہ ہوں گی۔

اے پی سی میں شرکت کرنے والے وفد میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق بھی شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ وفد میں پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، امیر مقام اور مریم اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔