اسلام آباد۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شکست خوردہ کرپٹ مافیا لوٹا مال بچانے کے لیے پھر جمع ہو رہا ہے، اس مافیا کا واحد مقصد لوٹ مار ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اتوار کواسلام آباد میں کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے اکٹھ پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ سب لوٹ کا مال بچانے لیے جمع ہو رہا ہے لیکن اب یہ مافیا دوبارہ کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
انھوں نے کہا ہماری حکومت ملکی جغرافیائی اور نظریاتی اساس کی محافظ ہے، پاکستان کو ریاست مدینہ کے عین مطابق ڈھالیں گے، پاکستان کے دشمن ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ملک میں فرقہ واریت پھیلانا دشمن کا پرانا حربہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیٹف کے سلسلے میں اہم ترین قانون سازی پر اپوزیشن کو واضح شکست ہوئی ہے، آئندہ بھی مشترکہ اجلاس بلا کر قانون سازی کی جائے گی۔کرپٹ مافیا پھر جمع ہو رہا ہے، لیکن احتساب بلا امتیاز سب کا ہوگا۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا کہ پاکستان کا مفاد اس میں ہے کہ چوری کیا ہوا پیسہ واپس آئے جبکہ اپوزیشن اس بات میں دلچسپی رکھتی ہے کہ ان کا چوری کا پیسہ محفوظ رہے۔
اپوزیشن سے ملک اور جمہوریت کی خاطر ہر طرح کا سمجھوتا کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم کرپشن پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کریں گے۔