اسلام آ باد۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آ صف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم صرف حکومت گرانے کیلئے نہیں ملے حکومت نکال کر جمہوریت بحال کرکے رہیں گے۔
ہم نے کوشش کی دو سال میں جمہوریت بچے، ناسمجھ سیاسی بونے سمجھتے ہیں وہ زیادہ ہوشیار ہیں،میں سمجھتا ہوں اس تقریر کے بعد جیل جانے والا پہلا بندہ میں ہی ہوں گا۔
اتوار کو پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے والی اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں سابق صدر آصف زرداری نے ابتدائی نوٹ سے خطاب کرتے ہوئے سارے شرکا کو خوش آمدید کہا اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے لیے دعا کرنے کے ساتھ کہا کہ میرے خیال میں یہ اے پی سی بہت پہلے ہونی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھا جب سے ہم سیاست میں ہیں میڈیا پر اس طرح کی پابندیاں نہیں دیکھیں، چاہے کتنی ہی پابندیاں لگائی جائیں، لوگ ہمیں سن رہے ہیں، حکومت اے پی سی کے خلاف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے یہی ہماری کامیابی ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے نواز شریف کے ساتھ مل کر میثاق جمہوریت پر دستخط کیے اور پھر ہم آہنگی کے ذریعے مشرف کو بھیجا،18 ویں ترمیم کے گرد ایک دیوار ہے جس سے کوئی بھی آئین کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم صرف اس حکومت کو نکالنے نہیں آئے بلکہ اس حکومت کو نکال کر اور جمہوریت بحال کر کے رہیں گے، ہم نے پاکستان بچانا ہے اور ہم ضرور جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا مریم بی بی نے کیا تکلیفیں برداشت کیں، بی بی کوسلام کرتا ہوں، ہم آپکے ساتھ ہیں۔ آج مریم بی بی بھی یہاں موجود ہیں، انہیں خوش آمدید کہتا ہوں آج کی یہ کانفرنس یہ طے کر کے اٹھے کہ ملک میں جمہوریت کیسے بحال ہوگی۔