نواز شریف اے پی سی کے ذریعے فوج پر حملہ آور ہوئے، وفاقی وزراء

اسلام آباد۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمدنوازشریف اے پی سی کے ذریعے فوج پر حملہ آور ہوئے اور اس پر پڑوسی ملک میں خوشیاں منائی جارہی ہیں۔

 نوازشریف قومی ادارے پر تنقید نہ کریں وہ کسی طوربھی پاکستان اور کسی ادارے کی خدمت نہیں کریں گے، پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے کیونکہ یہ کھیل اور تنقید کسی اور کے عزائم ہیں،نواز شریف ان عزائم کے حصہ دار نہ بنیں انہوں نے فوج عدلیہ الیکشن کمیشن اور نیب پر تنقید کی۔

 وزیر منصوبہ بندی ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ شہباز شریف سے نواز شریف کے فوج کے بارے میں خیالات سے متعلق ضرور تاثرات معلوم کیے جائیں، نواز شریف تین بار وزیراعظم رہے حمود الرحمن کمیشن رپورٹ کو جاری کیوں نہیں کیا، عاصم باجوہ سے بہت متاثر ہوں وہ غیر معمولی شخصیت نکلے۔

وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تقریر نشر نہ ہونے کے بارے میں مولانا فضل الرحمن، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے پوچھیں انہوں نے رکوائی۔ 

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس ابو بچاؤ کانفرنس تھی، نواز شریف کے بیانیے پر بھارت میں شادیانے بجائے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزراء نے پیر کو پی آئی ڈی کے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 پریس کانفرنس میں وزراء کی طرف سے بھارت میں نواز شریف کے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کی نمایاں کوریج کلپنگ بھی دکھائی گئیں جن میں بھارتی اخبارات نے شہ سرخیوں میں لکھا کہ نواز شریف فوج پر حملہ آورہوگئے۔

 نواز شریف کے ماضی میں سابقہ فوجی جرنیلوں سے تعلقات،سپریم کورٹ پر حملے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔

 سینیٹر شبلی فراز نے کہاوزیراعظم کے فیصلے کے مطابق حکومت نے حزب اختلاف کے تمام رہنماؤں کی تقاریر نہیں روکیں، نوازشریف آصف زرداری بلاول بھٹو سمیت کسی کی تقریر سے نہیں روکا جہاں تک مولانا فضل الرحمان کا تعلق ہے تو خود انہی کی جانب سے روکی گئی۔

 نوازشریف نے انتخابات کے عمل کو مشکوک اور دھاندلی زدہ بنانے کی کوشش کی۔ نوازشریف تین بار جن الیکشن میں وزیراعظم بنے کیا وہ شفاف تھے اور باقی دھاندلی زدہ ہیں گزشتہ روز پوری قوم نے دیکھا نوازشریف توانا و تندرست ہشاش بشاش نظر آ رہے تھے۔ آیا ان کا پاکستان آنے کا کوئی ارادہ ہے یا نہیں اور کیا وہ ابھی بھی اسی بات پر قائم ہیں کہ وہ بیمار ہیں یہ سوالات ہیں جن کے انہیں جوابات دینے ہوں گے 

جبکہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ نوازشریف گزشتہ روز ویڈیو خطاب کے دوران اچھے بھلے تندرست اور صحت مند لگ رہے تھے۔ اللہ انہیں اسی طرح تندرست رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی صرف سیاست ہی نہیں جائیدادیں بھی داؤ پر لگی ہوئی ہیں جو کرپشن کے پیسے سے بنائی گئی ہیں۔ 

عمران خان نے بہت پہلے پیشگوئی کی تھی کہ جب کبھی احتساب کا عمل آگے بڑھے گا تو سب اپوزیشن والوں نے مل جانا ہے۔ نواز شریف کی گزشتہ روز کی تقاریر کی لہر سب سے زیادہ بھارت میں دکھائی دی۔ بھارتی اخبارات نے خبر دی کہ نواز شریف کی سیاست میں واپسی ہوگئی۔
 بھارت کے تمام اخبارات نے نواز شریف کی تقریر کو لیڈ سٹوری کے طورپر چلایا۔نواز شریف کی تقریر کی خوشی سب سے زیادہ بھارتی میڈیا نے منائی۔ نواز شریف نے اپنی تقریر میں دو اہم قومی اداروں فوج اورعدلیہ کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا۔میاں صاحب نے اس چیئرمین نیب کو بھی نہیں بخشا جن کا انتخاب خود نواز شریف نے کیا۔

 فواد چوہدری نے کہاکہ گزشتہ روز اپوزیشن کی تقاریر براہ راست دکھائے جانے پر وزارت اطلاعات کو مبارکباد دیتا ہوں نواز شریف خودلندن کے مہنگے فلیٹ میں بیٹھ کر عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ہر کابینہ اجلاس میں عدلیہ کے احترام کی بات کرتے ہیں۔ اپوزیشن کچھ بھی کرے حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ اپوزیشن سے 2023 کے الیکشن میں مقابلہ ہوگا۔ 

انہوں نے کہاکہ اس ملک میں جمہوریت اور عدلیہ کیخلاف ہر سازش میں ن لیگ شامل رہی ہے۔ پاک عدلیہ کیخلاف بیانیہ بیرون ملک بیٹھ کر کسی اور کے اشاروں پر بنایا گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈروں کی تقریروں کے شادیانے پڑوسی ملک بھارت میں بجائے جارہے ہیں کل کے اپوزیشن اجلاس میں مایوسی اورناامیدی کی گردان دہرائی گئی۔