کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ جب تک مودی سرکار ہے پاک بھارت سیریز کا امکان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر رہ سکتے ہیں، دونوں ملکوں میں کرکٹ کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میرا بھارت میں تجربہ اچھا رہا، لوگ محبت کرتے ہیں، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ایک بڑا برانڈ ہے اس میں پاکستانی کھلاڑیوں کا نہ ہونا نقصان دہ ہے۔
بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ جب میں سوشل میڈیا پر گفتگو کرتا ہوں تو مجھے بھارت سے بہت سارے پیغامات ملتے ہیں اور میں لوگوں کو جواب بھی دیتا ہوں، بھارت کا میرا تجربہ بہترین رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے بغیر ایشیا کپ کا ہونا بے سود ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ صدیوں کے مسئلے عمران خان سالوں میں ٹھیک نہیں کرسکتے، عمران خان الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدے پورے کریں، وزیراعظم کو جیتنے کے لیے مضبوط ٹیم چاہئے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کے اضافے کے باعث آئی پی ایل متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی ہے۔