اسلام آباد.پاکستان کی جانب سے اپنا خلائی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسٹریٹیجک پلاننگ ڈویژن کا دورہ کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم نے تکنیکی سہولیات کا جائزہ لیا، انجینئرز اور سائنس دانوں کے ساتھ بات چیت کی۔
وزیراعظم کو اسپیس اور سائنس اور ٹیکنالوجی میں سپارکو کی اپنی صلاحیتوں سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ قومی سلامتی، سماجی و معاشی ترقی اسپارکو کے کردار پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
اس ضمن میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت پاکستان کی جوہری اور اسٹریٹجک صلاحیت مکمل محفوظ ہے اور ملکی خودمختاری کے لئے اسٹریٹجک صلاحیتوں کو تقویت دینے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی اسٹریٹجک صلاحیت کو مستحکم بناتے رہیں گے۔
دورہ کے دوران وزیراعظم کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سپیس بیسڈ خدمات اور انفراسٹرکچر کی توسیع کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا اور نیشنل اسپیس پروگرام 2047 ملک کی معاشرتی و اقتصادی ترقی کو تقویت بخشے گا۔
دوران بریفنگ وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا اپنا خلائی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے سیٹلائیٹ پروگرام کے ذریعے پلاننگ ڈویژن کے تمام منصوبوں کو مانیٹر کیا جائے گا اور سپیس پروگرام سے بلین ٹری سونامی منصوبے کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔