حکومت کو بہت وقت دیا،دسمبر تک اپنا کام دکھا دینگے، شاہد خاقان عباسی   

اسلام آباد۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پتھرکھانے پڑے توبھی کھا لیں گے اور لاٹھی چارج کیلئے بھی تیار ہیں۔

  اپوزیشن کو جلسوں سے روکا کس نے تھا جو یہ لوگ اجازت کی بات کرتے ہیں۔نومبر دسمبر تک ہم اپنا کام دکھا دیں گے

 نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ، جلسے اور ریلیاں حکومت پردباؤ بڑھانے کے حربے ہیں، ضرورت پڑی تو نوازشریف بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کئی ماہ تک ڈی چوک پرغیرقانونی بیٹھے رہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ جنوری تک سلسلہ آگے جائے گا، حکومت ناکام ہے اور حکومت کیلئے ہرلمحہ بھاری ہے اور ہم نے انہیں بہت وقت دیا ہے۔

۔انہوں نے کہا اس سے پہلے کہ عوام ان کو نکالیں، انہیں خود سیاسی طریقے سے اپناراستہ بنانا چاہیے۔ لوگ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور اب وہ حکومت کووقت دینے کیلئے تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ایک بار بھی مہنگائی کی بات نہیں کی۔ٹائیگر فورس مہنگائی کے خلاف کیا کرے گی؟  یہ لوگ معاملات کو سیاسی رنگ دے کر تباہ کردیں گے۔