لاہور: نایاب جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی کاروبار اور اسمگلنگ کے خلاف پنجاب حکومت کا کریک ڈاون جاری ہے۔
محکمہ جنگلی حیات نے تونسہ کے علاقہ میں کارروائی کے دوران نایاب نسل کا عقاب برآمد کرلیا، عالمی مارکیٹ میں قیمت 10 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
پنجاب وائلڈلائف حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے نایاب عقاب برآمد کیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کرلیا گیاہے۔
ملزم نایاب پرندوں کو بیرون ملک اسمگل کرنے کے دھندے میں ملوث ہے۔
وائلڈلائف حکام کا کہنا ہے برآمد کیا جانیوالا نایاب عقاب جسمانی طورپر صحت مند ہے اور مارکٹ میں اس کی قیمت 36 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔ برآمد ہونے والے عقاب کو ٹریکر کے ساتھ دوبارہ آزاد کیا جائے گا۔
پنجاب کی سینیئروزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے پرندے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اب تک متعدد نایاب جنگلی جانور اور پرندے برآمد کرکے چڑیا گھر منتقل کئے جاچکے ہیں، متعددجانوروں اور پرندوں کا علاج کراکے اُن کی جان بچالی گئی۔