نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے حکومت متحرک ، برطانیہ سے اعلیٰ سطح کے رابطے

اسلام آباد۔ سابق وزیراعظم  نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے حکومتی اقدامات میں تیزی آگئی، اس حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے جاری ہیں۔

 نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر اور ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف کی ایکسٹرڈیشن کیلئے 3مراحل میں کام ہو رہا ہے۔

 وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ ایکسٹرڈیشن کی درخواست کی گئی ہے،اسی ماہ ہندوستان کے ایک اور ٹیکس چور کی ایکسٹرڈیشن کاعمل مکمل ہوا ہے۔

ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ میں متعلقہ حکام رابطے میں ہیں، ایکسٹرڈیشن پرمتعلقہ حکام سے رابطے جلد منظر عام پر آ جائیں گے۔

 8 سے 10 دن میں دو بڑی چوریاں سامنے آنے والی ہیں۔ قوم حیران ہو جائے گی کس قدر بڑی واردات کی گئی ہے، ایک چوری 25 ارب روپے تک کی بھی کی گئی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ چور اکٹھے ہو کر شور مچا رہے ہیں کہ ٹرپل پلس این آر او دیا جائے، جلسے جلوس وہ کر رہا ہے جو ڈکیتی نما چوریوں میں ملوث ہے، اداروں کے اوپر دباؤ ڈال کر ماورائے آئین استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں کی فنڈنگ کرنے والا وہی ہے جس نے خلائی مخلوق کانعرہ لگایا تھا، اب بھی جلسوں کا نتیجہ کیوں نکالا والے جلسوں جیسا ہو گا، اپوزیشن استعفیٰ استعفیٰ کھیل رہی ہے اور کھیلتی رہے گی۔