کورونا ایس اوپیز خلاف ورزی، پشاور میں 917دکانیں،متعدد کمرشل پلازے سیل

پشاور۔پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پشاور صدر سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 917دکانیں اور متعددکمرشل پلازے سیل کر دیئے۔

  صدر میں دکانیں اچانک بند کرنے پر تاجر مشتعل ہوگئے ٗاور پولیس کے ساتھ گتھم گتھا ہوگئے ٗ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بھی پہنچ گئے اور تمام دکانیں زبردستی بند کروا دیں۔

  ترجمان ضلعی انتظامیہ ساجد خان کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد علی اصغر نے اسسٹنٹ کمشنر سید نعما ن علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلشن آرا ء کے ہمراہ صدر کے علاقے میں مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔

 معائنے کے دوران کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرگورا بازار، خانیز پلازہ، کنٹونمنٹ پلازہ، مصطفی مارکیٹ، رحمان سکوائر مارکیٹ، مکہ مارکیٹ، نیو کنٹونمنٹ بورڈ پلازہ اورکنٹونمنٹ کمرشل پلازہ کو سیل کر دیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تنریل الرحمان نے فارسٹ بازار میں حسن مارکیٹ کوسیل کیا۔ منگل کے روز کل 917 دکانوں کو سیل کیا گیاصدر میں بازار سیل کرنے کے خلاف ٹریڈرز الاینس فیڈریشن سراپا ااحتجاج بن گئی صدر غلام بلال جاوید کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر بادشاہ بن کر تاجروں کے ساتھ رعایا جیسا سلوک کر رہے ہیں ٗ بغیر کسی نوٹس کے زبردستی دکانیں بند کرائی گئیں۔