چارسدہ۔جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے آنے والی حکومت کیخلاف بغاوت کا اعلان کردیاہے۔
پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی مشترکہ تحریک کا آغاز ہو چکا ہے کٹھ پتلی حکومت کو دسمبر سے پہلے چلتا کر دیں گے مولانا مفتی محمود کی 40ویں برسی پر یہ عہد کرتے ہیں کہ ہمیں جو نظریہ فکر اورسوچ انہوں نے دیا ہم نے اس تحریک کوتقویت دی ہے۔
برصغیر کی آزادی کی طرح اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عالمی اسٹبلشمنٹ سے نجات دلائیں گے۔ حکمرانوں کی پشت پناہی کرنے والے اپنی غلطی کا اعتراف کرکے قوم سے معافی مانگیں۔ہم ترانوالہ نہیں بلکہ لوہے کے چنے ثابت ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتمانزئی چارسدہ میں سابق صوبائی وزیر قانون بیرسٹر ارشد عبداللہ خان کی جے یو آئی میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورے ملک میں اتفاق رائے ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے لاکھڑاکردیا ہے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ان کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے لوگ خودکشیاں کررہے ہیں اور اپنے بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔پاکستان خطے میں تنہاء ہوچکا ہے۔
انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہاری کرسی کی کوئی اہمیت نہیں قوم تم کو مسترد کرچکی ہے۔عمران خان عالمی اسٹبلشمنٹ کا ایجنٹ ہے انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کررہے ہیں نااہل حکمران حالات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن پر نہ لے جائے دھاندلی زدہ حکومت کے حلاف بغاوت کا اعلان کرکے تحریک کا آغاز کردیا ہے۔
16اکتوبر کو گجرانوالہ،18کو کراچی،25کو کوئٹہ اور22نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام تاریخی جلسے ہونگے۔انہوں نے کہاکہ مولانا مفتی محمود کا نظریہ اور تحریک پوری تقویت کے ساتھ ملکی سیاست میں فعال ہے۔
انگریز کو ہندوستان سے نکالنے کیلئے ہمارے بزرگوں اور اسلاف نے جو تحریک چلائی تھی آج ہم بھی اس راستے کے راہی ہیں اور اس پر چل کر آگے بڑھیں گے اور کٹھ پتلی حکومت کو سمندر برد کر دیں گے۔