اوجی ڈی سی ایل قافلے پر حملہ، 7ایف سی،7سکیورٹی گارڈز شہید

بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے اورماڑا میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے کارواں پر دہشت گردوں کے حملے میں  ایف سی بلوچستان کے 7 بہادر جوان اور 7 سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ‘گوادر سے کراچی جانے والے او جی ڈی سی ایل کے کاروان کی حفاظت کرنے والے سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کوسٹل ہائی وے پر اورماڑا کے قریب فائرنگ کا تبادلہ ہوا’۔

بیان میں کہا گیا کہ‘سیکیورٹی فورسز نے موثر جواب دیا اور او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے انہیں جائے وقوع سے بحفاظت نکال لیا’۔

 

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ‘تصادم کے دوران دہشت گردوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور اس تصادم کے نتیجے میں ایف سی بلوچستان کے 7 بہادر جوان اور 7 سیکیورٹی گارڈز نے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت پائی’۔

دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے جوانوں میں‘پنجاب کے ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے صوبیدار عابد حسین، سبی کے نائیک محمد انور، ڈیرا غازی خان سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک افتخاف احمد، چکوال کے رہائشی سپاہی محمد نوید، بلوچستان کے ضلع پشین سے لانس نائیکل عبداللطیف، میانوالی سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد وارث، خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت سے تعلق رکھنے والے سپاہی عمران خان، حوالدار (ر) سمندر خان اور محمد فواد الدین’شامل ہیں۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے‘ڈیرا اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے عطااللہ، ٹانک سے وارث خان، کوہاٹ سے عبدالنافع اور شاکراللہ، بنوں سے تعلق رکھنے والے عابد حسین’بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

پاک فوج کے بیان میں کہا گیا کہ‘اس طرح کی بزدلانہ کارروائی بلوچستان میں قائم ہونے والے امن و استحکام اور معاشی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے’۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ‘اس طرح کی کارروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے کو کم نہیں کرسکتیں اور ہماری فورسز اپنے مادر وطن کا دفاع اپنی جانوں کی قیمت پر کرنے کے لیے پرعزم ہیں’۔