نوازشریف کی دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو طوفان آجائے گا۔ شیخ رشید

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا  کہنا تھا کہ نوازشریف کی استنبول کے ایک ہوٹل میں ہونے والی ملاقات سے واقف ہوں لیکن کچھ کہنا نہیں چاہتا کیونکہ پہلے بھی ملاقاتوں کا بتاکر مشکل میں پڑگیا تھا، جب دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو بہت سارے مسائل سے گزرنا پڑا ، اب دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو طوفان آئے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف اشتہاری مجرم ہیں، ان کا ایک نکاتی ایجنڈا تھا کہ مریم کو لندن آنے دیا جائے، ان کی تقریر کو بھارت میں دکھایا گیا، بھارت میں بانی ایم کیو ایم  کو وہ کوریج نہیں ملی جو نوازشریف کو ملی، (ن) لیگ بھارت سے پیسے لے کر انتشار پھیلانا چاہتی ہے،  اگر نوازشریف کا یہی رویہ رہا تو اگلے 5 سال بھی عمران خان کی حکومت ہوگی۔

وفاقی وزیر کا  کہنا تھا کہ نواز شریف اشتہاری مجرم ہیں، گزشتہ روز انہوں نے 11 بار قمر جاوید باجوہ کا نام لیا، پاکستان میں جمہوریت فوج کی بدولت ہے، پاک فوج ملک میں امن واستحکام کی ضامن ہے، یہ اداروں میں تصادم چاہتے ہیں، اب نوازشریف کی سیاست دوبارہ پاکستان میں نہیں آئے گی، بلکہ ان کا سیاسی جنازہ ہی لندن سے آئے گا، واضح الفاظ میں کہہ رہا ہوں  31 دسمبر سے 20 فروری تک آپ کے 15 لوگ آپ کی جماعت چھوڑ جائیں گے۔