کیپٹن(ر)صفدر گرفتاری ،سندھ حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں،پولیس پر ریاست کا شدید دباؤ تھا: محمد زبیر

 ترجمان مریم نوازشریف، محمد زبیرنے کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری پررد عمل میں کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی گرفتاری ریاستی دہشتگردی ہے،

محمد زبیر نے عزیز بھٹی تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے بات ہوئی ہے اُن کا کہنا ہے کہ گرفتاری میں سندھ حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں انہوں نے تصدیق کی ہے کہ سندھ پولیس پردباؤ ڈالا گیا اور دباؤ ڈال کراسٹنگ آپریشن کیا گیا۔

محمد زبیر نے کہا کہ ریاست کی جانب سے ایسا آپریشن کیا گیا جیسے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے، کیپٹن(ر)صفدر کو غیرقانونی طریقے اورغلط دفعات لگا کر گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سابق گورنر ہوں اور مجھ کو تھانے کے اندر نہیں جانے دیاگیا، وکلاء تک کو تھانے کے اندر نہیں جانے دیاگیا، نہ ہی ملاقات کرنے دی گئی۔

محمد زبیر نے بتایا کہ کیپٹین (ر) صفدر کو دروازے توڑ کر گرفتار کیا گیا، ہم سیاسی لوگ ہے، سیاسی طور پر جواب دیں گے، وفاقی حکومت اوچھے ہتکھنڈے استعمال کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاسی طور پر جواب دیں گے، جو مرضی کر لیں، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، اگر کیپٹن صفدر کو رہا نہ کیا گیا تو پورے ملک میں اس کا ردعمل سامنے آئے گا۔