اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں،بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کا مقصد پاکستان کوپیچھے دھکیلنا ہے۔شبلی فراز

 پشاور:  وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرشبلی فرازکا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں,ان  کا واحد مقصد پاکستان کوپیچھے دھکیلنا ہے.

پشاورمیں صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کے لیے ملک کے وسائل کو لوٹا اور اداروں کو مفلوج کیا، ملک میں جتنے بھی ادارے تھے انہیں بتدریج تباہ کیا گیا۔ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف قانون پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی،یہ چاہتے ہیں ایک ارب سے کم کی رقم کامعاملہ کرپشن میں نہ شمارکیا جائے۔ ، یہ عناصراپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں.


شبلی فرازکا کہنا تھا کہ ایک نوسربازخود کو بیمار بنا کرملک سے باہرچلا گیا، نوازشریف قانون سے بالاتر نہیں ہے ، انہیں واپس آکر جواب دینے چاہییں، نوازشریف کی واپسی کیلیے حکومت اقدامات کرے گی، انہیں واپس لاکر عام جیل میں ڈالیں گے۔

 کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پرشبلی فراز نے کہا کہ قائداعظم کے مزار پر ہلڑبازی کوئی برداشت نہیں کرسکتا، کیپٹن (ر) صفدرنے پاکستان اورعوام کی توہین کی ہے اس لیے وہ گرفتارہوئے، انہیں کس نے گرفتارکیا اسے بھول جائیں، ان کا جرم دیکھیں اوراس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

شبلی فرازکا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے رٹ لگا رکھی ہے کہ یہ اسمبلی جعلی ہے، مولانا فضل الرحمان جس اسمبلی کو جعلی کہتے ہیں اسی سے صدربننے کی کوشش کی، وہ طویل عرصہ کشمیرکمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن اس کاز کے لیے کیا کیا؟۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے کیے کے خوف سے ایک ہو گئے ہیں۔ ان  بنارسی ٹھگوں کا واحد مقصد پاکستان کوپیچھے دھکیلنا ہے،  لیکن یہ ٹولہ عوام کی طرف سے بری طرح مسترد شدہ ہے۔