برازیل کے سابق اسٹار فٹبالر رونالڈینو کورونا وائرس کا شکار

برازیلیا: برازیل کے سابق اسٹار فٹبالر رونالڈینو کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل کے سابق اسٹار فٹبالر رونالڈینو میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

رونالڈینو نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع دی، انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ’ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن کوئی بھی علامات نہیں ہیں اور وہ بالکل ٹھیک ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فٹبال کی دنیا کے نامور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کرونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے، انہوں نے چند دنوں کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کروایا تھا اس کی رپورٹ بھی مثبت آئی تھی۔

پرتگال فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ رونالڈو کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث رونالڈو کی آئندہ ہفتے بارسلونا کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہے، البتہ چوبیس گھنٹے پہلے بھی صحت یاب ہونے کی صورت میں انہیں میچ کھیلنے کی اجازت مل سکتی ہے۔