سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر وزیراعظم عمران خان کے آفیشل پیج کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔
جس کے ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان پہلے اور واحد پاکستانی سیاستدان بن گئے ہیں جنہیں فیس بک پر ایک کروڑ افراد نے فالو کیا ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان دنیا بھر میں فیس بک پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے چوتھے سیاستدان بھی بن گئے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر باراک اوباما فیس بک پر دنیا میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیاستدان ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 5 کروڑ 60 لاکھ ہے۔
باراک اوباما کے بعد فیس بک پر دوسرے نمبر پر فالو کیے جانے والے سیاستدان، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہیں جن کے ساڑھے 4 کروڑ فالوورز ہیں۔
ان کے بعد تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ فالوورز امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 3 کروڑ ہیں۔
اب وزیراعظم عمران خان دنیا بھر میں فیس بک پر فالو کیے جانے والی چوتھے سیاستدان بن گئے ہیں جن کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے۔
علاوہ ازیں پاکستانی سیاستدانوں میں وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر بھی سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیاستدان ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہے۔