اسلام آ باد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 38 الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر ابتدائی کام شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلا اہم منصوبہ انشاء اللہ اسلام آباد ائیرپورٹ سے مری تک الیکٹرک آٹومیٹک ٹرین کا ہے۔ اس پراجیکٹ سے سیاحت اور سفر کا منظر بدل جائے گا۔
حکومت پاکستان اور جرمن کمپنی کے مابین اسٹریٹجک اتحاد کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے بعد فواد چوہدری نے بتایا کہ مذکورہ کمپنی تین مراحل میں سرمایا کاری کرے گی۔
بسوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹس کی تنصیبات، بس آپریشن اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی جرمن کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔ وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کی ٹیکنالوجی متعارف کرانا ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے حکومت کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔
انہوں بتایا کہ اسلام آباد میں الیکٹرک گاڑی چارجنگ اسٹیشن متعارف کرانے کے بعد حکومت نے آئندہ چھ ماہ کے دوران ملک بھر میں موٹر ویز پر ای وی چارجنگ اسٹیشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کرانے سے گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کیا جاسکے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبے کو مزید بہتر کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے بتایا کہ اسلام آبد میں 38 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ اب EOI کی سطح پر آچکا ہے۔ اگلا اہم منصوبہ انشاء اللہ اسلام آباد ائرپورٹ سے مری تک الیکٹرک آٹومیٹک ٹرین کا ہے جس کی اسٹڈی شروع ہو گئی ہے۔
مری تک الیکٹرک آٹومیٹک ٹرین کے متعلق پلاننگ منسٹری سے اس ضمن میں میٹنگ بھی ہو چکی ہے۔ انشاللہ اس پراجیکٹ سے سیاحت اور سفر کا منظر بدل جائے گا۔