کمپیوٹر ایک کی بورڈ میں سما گیا

لندن: برطانوی ٹیکنالوجی کمپنی ’’ریسپ بیری‘‘ نے ایسا کمپیوٹر پیش کیا ہے جو مکمل طور پر ایک کی بورڈ کے اندر سمایا ہوا ہے۔ یہ کمپنی پچھلے سال بھی کی بورڈ میں مکمل کمپیوٹر پیش کرچکی ہے لیکن وہ جسامت میں اس سے بڑا تھا۔

کی بورڈ کمپیوٹر کے اس نئے ماڈل کو ’’ریسپ بیری پائی 400‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی کم سے کم قیمت 70 ڈالر (تقریباً 12,000 پاکستانی روپے) سے 100 ڈالر (تقریباً 16,000 پاکستانی روپے) تک رکھی گئی ہے۔ قیمت کا انحصار اس کے ساتھ موجود اضافی سہولیات اور سامان پر ہے۔

پائی 400 میں 1.8 گیگاہرٹز والا کواڈ کور ’’کورٹیکس اے 72‘‘ مائیکروپروسیسر لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ کمپیوٹر نہ صرف اپنے پیشرو کے مقابلے میں تیز رفتار ہوگیا ہے بلکہ زیادہ گرم بھی نہیں ہوتا۔

 

پچھلے ماڈل کی طرح موجودہ ماڈل میں بھی ایک عدد مائیکرو ایس ڈی سلاٹ موجود ہے جس میں آپریٹنگ سسٹم والی یو ایس بی ہارڈ ڈسک لگائی جاسکتی ہے اور اسی میں تمام ڈیٹا بھی محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

یو ایس بی پورٹس کے ذریعے ’’پائی 400‘‘ کو 2 کمپیوٹر مانیٹرز اور ایک ماؤس سے بھی جوڑا جاسکتا ہے۔ یہ 4K ریزولیوشن اور 60 فریم فی سیکنڈ فریم ریٹ والے دو مانیٹرز کو ایک ساتھ سپورٹ کرسکتا ہے۔

انٹرنیٹ کنکشن کےلیے اس میں 2.4 اور 5.0 میگاہرٹز کا وائی فائی ایڈاپٹر بلٹ اِن ہے جبکہ قریبی آلات سے مربوط ہونے کےلیے بلیو ٹوتھ کی سہولت بھی اس میں موجود ہے۔

یو ایس بی 3.0 اسٹینڈرڈ والی دو پورٹس جبکہ یو ایس بی 2.0 اسٹینڈرڈ کی ایک پورٹ کے ساتھ ساتھ اس میں دو عدد ایچ ڈی ایم آئی پورٹس موجود ہیں جن کے ذریعے دو مانیٹرز منسلک کیے جاسکتے ہیں۔

پائی 400 عام کی بورڈ سے تھوڑا سا بڑا ہے: یہ 11.3 انچ لمبا، 4.8 انچ چوڑا اور صرف 0.9 انچ موٹا ہے۔

گھر پر رہتے ہوئے پڑھنے اور پڑھانے کےلیے پائی 400 کے ساتھ کچھ اضافی چیزیں بھی خریدی جاسکتی ہیں جبکہ اس مکمل تعلیمی پیکیج کی قیمت 100 ڈالر رکھی گئی ہے۔