زمبابو ے کیخلاف پہلا ٹی 20، پاکستان کی 6وکٹوں سے فتح، بابر اعظم کے شاندار82رنز

راولپنڈی:پاکستان نے  پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابو ے کو 6وکٹوں سے شکست دیدی، کپتان بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کیا اور جارحانہ انداز میں 82رنزسکور کرتے ہوئے ٹیم کیلئے 157رنز کا ہدف آسان بنادیا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے ویسلے مدھیویرے نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

بابر اعظم 82 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ محمد حفیظ 32 اور فخر زمان 19 رنز بناسکے۔

بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ تین میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 8 نومبر اور تیسرا 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے لیجنڈ لیگ اسپنر عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے عثمان قادر نے اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا اور ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کی تھی۔