دنیا کا پہلا جراثیم کش سمارٹ فون تیار، اگلے سال فروخت کیلئے پیش کیا جائیگا

لندن:دنیا کا پہلا جراثیم کْش سمارٹ فون اگلے سال فروخت کے لئے پیش کیا جائے گا۔ 

اس کے متعلق دعویٰ کیا جارہا ہے یہ 24 گھنٹے میں 99.9 فیصد جراثیم ختم کردیتا ہے۔اس فون کو کیٹ ایس 42 کا نام دیا گیا ہے جو اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں فروخت کے لئے پیش کیا جائے گا۔

 اسے بْل اٹ نامی گروپ نامی کمپنی نے تیار کیا ہے جو مختلف کاموں کے لئے بہت ٹھوس اور مضبوط اشیا ء تیار کرتی ہیں جن میں کیٹ مصنوعات بھی شامل ہیں۔اس فون کی قیمت 229 برطانوی پاؤنڈ کے برابر رکھی گئی ہے اور اس کا جدید ترین ماڈل بایو ماسٹر اینٹی مائیکروبیئل ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا جس میں سلور آئن شامل ہوں گے۔

 چاندی کے آئن کی بدولت یہ فون ازخود جراثیم سے پاک ہوتا رہے گا یوں 24 گھنٹے میں اس پر سے جراثیم کی 99 فیصد سے زائد مقدار تلف ہوجائے گی لیکن اب بھی یہ دنیا کو شدید تباہی تک پہنچانے والے کورونا وائرس کو ختم نہیں کرسکتا۔

کمپنی کے مطابق ان کا نیا سمارٹ فون صرف 15 منٹ میں 80 فیصد جراثیم کا خاتمہ کرتا ہے باقی جراثیم دھیرے دھیرے 24 گھنٹے میں غائب ہوجاتے ہیں۔

 اچھی بات یہ ہے کہ سمارٹ فون مکمل طور پر واٹر پروف ہے اور اسے صابن اور بلیچ سے بھی دھویا جاسکتا ہے۔ اس طرح فون کو سینٹی ٹائزر سے دھوکر کورونا وائرس کے خلاف بھی پاک کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ جراثیم کے ماہربھی سمارٹ فون کو دن میں دو مرتبہ جراثیم کش بنانے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ یہ بہت سے انتہائی مضر خردنامیوں کی آماجگاہ بن سکتا ہے۔


 کیٹ ایس 42 کے دیگر خواص میں گوریلا گلاس، ڈیڑھ میٹر گہرائی میں 15 منٹ تک واٹرپروف، ایچ ڈی ڈسپلے، اینڈروئڈ 10 اور مزید اپ گریڈیشن، 32 جی بی روم اور پانچ میگا پکسل کیمرہ بھی شامل ہے۔