مچل اسٹارک کی کرکٹر بیوی ایلیسا ہیلی نے طوفانی سنچری جڑ دی 

سڈنی: وومنز بگ بیش لیگ کے میچ میں آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک کے اہلیہ اور خاتون بلے باز ایلیسا ہیلی نے چوکوں اور چھکوں کی برسات کر دی

انہوں نے 52گیندوں پر 111رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں 15چوکے اور 6چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اپنی سنچری صرف 48گیندوں پر پوری کی 


 بیوی کی یہ طوفانی اننگز دیکھ کر اسٹیڈیم میں بیٹھے آسٹریلوی ٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک بھی جھوم اٹھے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو نارتھ سڈنی اوول میں کھیلے جانے والے وومنز بگ بیش لیگ کے آخری لیگ میچ میں سڈنی سکسرز وومن کی بلے باز ایلیسا ہیلی نے مخالف ٹیم میلبرن اسٹارز کے بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔

ایلیسا ہیلی نے 52 گیندوں کا سامنا کیا اور 15 چوکے اور 6 چھکے لگا کر 111 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی، انھوں نے 48 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔

اس طوفانی اننگ کی بدولت سڈنی سکسرز نے میلبرن اسٹارز پر 5 وکٹ سے دلچسپ فتح حاصل کی کیونکہ میچ بارش سے متاثر ہو گیا تھا، اور میلبرن اسٹارز نے 19 اوورز میں 179 رنز بنا لیے تھے، جس پر ضابطے کے مطابق سڈنی سکسرز کو جیت کے لیے 184 کا ہدف ملا، تاہم اس ٹیم نے یہ ہدف 18.4 اوورز ہی میں حاصل کر لیا۔

جیسے ہی ہیلی نے چوکا لگا کر اپنی سینچری مکمل کی، وہاں پر موجود مداحوں اور ٹیم کے ساتھیوں نے تالیاں بجا کر انھیں داد دی، وہیں ان کے شوہر اآسٹریلیا کے تیز بولر مچل اسٹارک بھی خوشی سے جھوم اٹھے۔

 اسٹارک بیوی کا میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم ہی میں موجود تھے اور انھوں نے تالیاں بجا کر ہیلی کو داد دی۔


واضح رہے کہ ہیلی اور اسٹارک نے تقریباً 9 سالہ دوستی کے بعد اپریل 2016 میں شادی کی تھی، بگ بیش لیگ میں ہیلی کی یہ چوتھی سینچری تھی، اور بگ بیش لیگ کی سب سے تیز سنچری رہی۔