ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے کے باوجود پی سی بی کا دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کا فیصلہ

دورہ نیوزی لینڈ پر قومی ٹیم کو گروپ ٹریننگ کے لیے استثنیٰ نہ دیے جانے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے ٹیم میمجمنٹ سے بات کرنے کے بعد دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی نے قومی اسکواڈ کو ٹریننگ جاری رکھنے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا لیکن ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم نے پی سی بی کو دورہ نیوزی لینڈ پر تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

کپتان اور ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ یہ مشکل وقت ہے، امید ہے کہ نیوزی لینڈ میں حالات بہتر ہو جائیں گے اور تین چار دن بعد ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی۔

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں پاکستانی دستہ آئسولیشن کا سلسلہ برقرار رکھے گا اور انہیں گروپ ٹریننگ کا استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اسکواڈ کے دیگر اراکین میں وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کے 54 رکنی دستے میں سےچھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی قرنطینہ کی مدت 9دسمبر کو ختم ہو گی اور مدت کے خاتمے کے بعد بھی ٹیم کو گروپ ٹیم میں اجازت دینے کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا نیوزی لینڈ حکومت انہیں اس کی اجازت دیتی ہے یا نہیں۔