ٹی 20رینکنگ، بابر اعظم کی دوسری پوزیشن برقرار

لاہور: آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان اور اوپننگ بلے باز بابراعظم کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔

 آسٹریلیا اوربھارت کے مابین تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز ختم ہونے کے بعد جاری کی جانے والی تازہ درجہ بندی میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 915 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان کے بابراعظم 871 پوائنٹس کے ساتھ بدستور دوسری پوزیشن پر قائم ہیں۔

بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز لوکیش راہول ایک درجہ ترقی کے ساتھ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو پیچھے دھکیلتے ہوئے تیسرے نمبر پرآگئے ہیں۔

 جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈر ڈسن 5ویں، نیوزی لینڈ کے کولن منروچھٹے، آسٹریلیا کے گلین میکسویل 7ویں پوزیشن پر برقرارہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی کے ساتھ 8ویں نمبر پر آگئے ہیں، افغانستان کے اوپنر حضرت اللہ 9ویں اور برطانوی کپتان این مورگن 10ویں پوزیشن پر ہیں۔

باؤلرزمیں پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم ایک درجہ ترقی کے ساتھ 8ویں نمبرپرآگئے ہیں، افغانستان کے راشد خان پہلے اور ان کے ہم وطن مجیب الرحمن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

 برطانوی لیگ سپنر عادل رشید ایک اور آسٹریلین لیگ سپنر ایڈم زامپا 2 درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب تیسرے اورچوتھے نمبرپر ہیں۔ پاکستان کے شاداب خان 12 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔