بنوں میں فائرنگ سے 2بھائیوں سمیت 3افراد جاں بحق، خاتون سمیت 5زخمی

 

بنوں:صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ سے 2بھائیوں سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 5افراد شدید زخمی ہوگئے۔

 تہرے قتل کی واردات تھانہ میراخیل کی حدود میں واقع مومین آبادنزد مچھلی فارم نارے پل کے مقام پرنماز فجر کے بعدہوئی جہاں دو فریقین کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت پانچ زخمی ہوگئے۔

 فریق اول کی جانب سے وسیم خان اور سید رحمن پسران سید حمزہ علی شاہ اور خانباز خان ولد شیر علی دادساکنان نارے پل جاں بحق جبکہ سیدحمزہ علی شاہ ولد میر شہزاد خان،احتشام ولد خانباز اور زوجہ خانباز زخمی ہوگئے۔

 زخمی سید حمزہ علی شاہ نے مبینہ ملزمان فرشاد علی،امساد علی،روخاد علی اور وسیم خان پسران محمد زمان عرف بلبلی اور محمد زمان عرف بلبلی ولد گل افضل خان ساکنان کوٹکہ خانشیرین حال نارے پل پر   دعویداری کردی۔وجہ عداوت مستورات کا تنازعہ بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب سے فرشاد علی اور روحاد علی پسران  محمد زمان سکنہ نارے پل مومین آباد زخمی ہوئے جنہوں نے اپنے زخمی ہونے کی دعویداری مبینہ ملزمان وسیم،ارمان،افسر خان گنجی اور سید رحمن پسران سید حمزہ علی شاہ،خانباز ولد شیر علی داد،احتشام ولد خانباز،سیدحمزہ علی شاہ ولد امیر شہزاد ساکنان مومین آباد نارے پل پر کردی وجہ عداوت مستورات کا تنازعہ بتائی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کرنے کی اطلاع ہے۔میراخیل پولیس نے دونوں اطراف سے رپورٹ درج کرالئے۔جبکہ تھانہ ٹاؤن شپ کی حدود میں واقع تعزیری بیزن خیل میں گیس کی گولیاں کھانے سے دختر محبوب الرحمن جاں بحق ہوگئی۔