فخر زمان کو پاکستان نیوی کی جانب سے اعزازی رینک دیا جائیگا

لاہور: قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان کو پاکستان نیوی کی جانب سے اعزازی رینک دیا جائے گا۔

 تقریب رواں ماہ کے آخری ہفتے میں منعقد کی جائے گی۔ فخر زمان نے 2007ء میں پاکستان نیوی کو بطور ملاح جوائن کیا تھا اور 2013ء میں انہوں نے پاک بحریہ کی ملازمت کو خیرباد کہہ کر ڈومیسٹک کرکٹ میں کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

واضح رہے کہ فخر زمان نے 2017ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں اوول کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

 فخر زمان کو فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  فخر زمان کو پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔انہوں نے زمبابوے کے خلاف 210 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فخر زمان لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہیں، ان کی کئی عمدہ اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے کئی کامیابیاں اپنے نام کیں۔