پہلا ٹی ٹوئنٹی؛ زمبابوے کا پاکستان کے دیئے گئے ہدف کا تعاقب

ہرارے: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔ 

 

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل ناکام ثابت ہوئی تاہم محمد رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

 

زمبابوے کی جانب سے تناشے کمن ہکاموے اور ویزلے میڈھویرے نے اننگز کا آغاز کیا، میڈھویرے نے جارحانہ آغاز کیا تاہم وہ 14 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جس کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے تدی وانشے مرومانی کریز پر آئے اور پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا دی۔

 

 اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم  نے اننگز کا آغاز کیا۔ 8 کے مجموعی اسکور پر مزاربانی نے بابر اعظم کو آؤٹ کردیا۔ انہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔

بابر کے بعد رضوان کا ساتھ نبھانے فخر زمان میدان میں اترے، دونوں نے 34 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس موقع پر فخر زمان کو مدھیویرے نے 13 رنز پر آؤٹ کردیا۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو صرف 5 رنز ہی بناسکے۔

اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے دانش عزیز بھی 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور حیدر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے وہ صرف 5 رنز ہی بناسکے۔ فہیم اشرف صرف ایک رنز بناسکے۔ دوسری جانب محمد رضوان نے ایک سائیڈ کو سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی وہ 82 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس آئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

زمبابوے کی جانب سے  ویزلے میڈھویرے اور لیوک جونگوے نے 2،2 جب کہ بلیسنگ مزربانی، رچرڈ نگاروا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے ٹیم: شان ولیمزن(کپتان)، ریان برل، ریگس چکابوا، تناکا چیوانگا، کریگ ارون، لیوک جونگوے، تناشے کمن ہکاموے، ویزلے میڈھویرے، تدی وانشے مرومانی، ویلنگٹن مساکاڈزا، تپیوا مفودزا، بلیسنگ مزربانی، رچرڈ نگاروا، برینڈن ٹیلر اور ڈونلڈ تریپانو شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم: بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، آصف علی، فہیم اشرف، محمد نواز، حسن علی، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔