سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی احتساب پالیسی واضح ہے، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، اب چاہے وہ اپوزیشن کے رہنما ہوں،کابینہ کے رکن، افسر شاہی سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی بھی ادارے سے، الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی اور جوابدہی کا اصول لاگو ہو گا، یہی نظام کی تبدیلی ہے جس کا وعدہ تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں ہی ہو سکتا تھا کہ اگر الزامات لگیں تو تحقیقات ہوتی ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور میں میڈیا کےگلے بیٹھ جاتے تھے لیکن مجال ہے کان پر جوں بھی رینگے، یہ ہی نظام میں تبدیلی ہے، حکومتی اہلکاروں کو احتساب کا خوف ہونا چاہیے، طاقتور ترین لوگ بھی قانون سے مبرا نہیں۔
رنگ روڈ راولپنڈی اسکینڈل سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ کمشنرنے ابتدائی تحقیقات میں ان اطلاعات کی تصدیق کی ان کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی اوران کے ساتھ مزید افسران اس اسکینڈل میں شریک تھے، مزید تحقیقات کیلئے معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیجا جائے، ابھی تک اس معاملے میں کسی وزیر یا مشیرکے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔