مساجد میں خطبہ جمعہ حکومتی ہدایت پر ہوگا، اسلامی نظریاتی کونسل

 اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے مساجد میں خطبہ جمعہ کے لیے صدر مملکت کی ہدایت پر 100 موضوعات کو چن لیا گیا ہے جن کا ابتدائی مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس ختم ہوگیا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

 وزیراعظم نے کونسل کی سفارشات کو مرحلہ وار نافذ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔مساجد میں جمعہ کے خطے حکومتی ہدایات پر ہونگے۔

ملاقات اور اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے قبلہ ایاز نے کہا کہ کونسل کے 8 ارکان سبک دوش ہوگئے ہیں تاہم ارکان ریٹائرڈ ہونے سے کونسل غیر فعال نہیں ہوگی، ان ارکان کی جگہ نئے ارکان کو جلد مقرر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں کونسل کی سفارشات سے متعلق بات چیت ہوئی وزیراعظم نے مرحلہ وار عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بتایا کہ اسلامی نظریاتی کونسل بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے خطبہ جمعہ کے لیے موضوعات اور اس کے متعلقہ اسلامی ریفرنس بھی تیار کرکے دے گی، خطبات جمعہ کے لیے صدر مملکت کی ہدایت پر 100 موضوعات کو چنا گیا ہے تمام موضوعات کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔

 وزارت مذہبی امور کی تجویز کردہ بین المذاہب تعاون و تعامل کی قومی پالیسی کو کچھ ترامیم کے ساتھ منظور کیا ہے اور اسے ملک کے اندر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا، توہین میت کے واقعات سامنے آنے پر تجویز کردہ قانون کی منظوری دی گئی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے گلگت بلتستان میں امن کے لیے علما کرام کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ آج کے اجلاس میں گلگت بلتستان میں دو افراد کی جانب سے مباہلہ آگ میں کودنے سے روکنے کے معاملے پر مثبت کردار ادا کرنے والے علماء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، گلگت بلتستان سی پیک کا پہلا پڑاؤ ہے، آئندہ نسلوں کا علماء پر قرض ہے کہ علاقے کو بدامنی سے محفوظ رکھے۔

قبلہ ایاز نے کہا کہ اشتہارات میں قرآن پاک کی آیات یا احادیث شامل ہونے پر بھی بحث کی گئی، اخبارات خریدنے والے آیات اور احادیث کا احترام کریں جب کہ سوشل میڈیا پر غلط پوسٹوں کا روکنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ جمعہ اور دیگر دینی اجتماعات کے لئے صدر مملکت کی ہدایت پر 100 سے زیادہ موضوعات کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جس میں معاشرتی حسن تعامل اور رواداری و ارتباط سے متعلق موضوعات شامل ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ممبران کونسل کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم صاحب نے یقین دلایا کہ اسلامی فلاحی مملکت (ریاست مدینہ) کے اصولوں سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔

 اس پر اتفاق ہوا کہ اسلاموفوبیا کی تفہیم کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل فعال کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی حساسیت کے حامل مسائل و معاملات پر اسلامی نظریاتی کونسل کو پیش قدمی کرنے کے لئے کہا گیا تاکہ اسلام اور پاکستان کا بین الاقوامی امیج بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔