قومی ٹیم کے کھلاڑی کتنی تنخواہ لیں گے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کردی۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں 4 ، بی میں 6 اور سی میں 7 جب کہ ایمرجنگ کیٹیگری میں 3 کرکٹرز شامل ہیں۔

کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے ماہوار معاوضے میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور اضافے کے بعد اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو تقریباً 13 لاکھ 75 ہزار روپے ملیں گے۔

بی کیٹیگری کے کرکٹرز کو 9 لاکھ 37 ہزار 500 روپے ملیں گے  اور سی کیٹیگری کے کرکٹرز کو تقریباً 6 لاکھ 87 ہزار 500 روپے ملیں گے جب کہ ایمرجنگ کرکٹرز تقریباً ساڑھے 3 لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی تمام کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کی میچ فیس کو یکساں کر دیا گیا ہے ۔ اے کیٹیگری میں شامل کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ باقی تین کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں مختلف شرح میں اضافہ کر دیا گیا تاکہ سب کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کی ہر فارمیٹ میں میچ فیس یکساں ہو۔

ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کھلاڑی کو تقریباً 7 لاکھ روپے، ون ڈے میچ کھیلنے والے کھلاڑی کو تقریباً ساڑھے  4 لاکھ روپے جب کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے والے کرکٹر کو تقریباً 3 لاکھ روپے ملیں گے۔