شائقین کرکٹ کو دلچسپ ایونٹ کا بے صبری سے انتظار

کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل 2021) کے پہلے ایڈیشن کا کاؤنٹ ڈاؤن اب شروع ہوگیا ہے کیونکہ تین جولائی کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کے پی ایل ڈرافٹ ایونٹ منعقد ہوئی جس میں ایک جانب تو تمام چھ فرنچائز کے مالکان نے شرکت کی تو دوسری جانب ٹیم سے وابستہ تھنک ٹینک کے اراکین بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی، سینیٹر فیصل جاوید، کے پی ایل کے صدر عارف ملک، اور کے پی ایل کے سی ای او شہزاد چوہدری شامل تھے۔ اس کے علاہ لیجنڈری کھلاڑیوں میں وسیم اکرم ( نائب صدر، کے پی ایل)، شاہد آفریدی ( برانڈ ایمبیسڈر)، انضمام الحق، شعیب ملک، سعید اجمل، عمر گل، عمر امین اور عبدالرزاق نے بھی اپنی شمولیت سے اس تقریب کو چار چاند لگادیئے۔

اس اہم موقع پر قابلِ احترام مہمانوں نے اپنے اپنے خیالات سے میڈیا کو آگاہ کیا اور اس اہم لیگ کے انعقاد پر اپنی گرمجوشی اور مسرت کا اظہار کیا جو دنیائے کرکٹ کی واحد لیگ ہے جہاں پہلی مرتبہ کشمیر کو نمائیندگی دی گئی ہے۔ قابلِ احترام مہمانوں نے کے پی ایل کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اسے ایک ترقی یافتہ اور بہتر کشمیر کی جانب پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کے پی ایل انتظامیہ کی اس اہم ایونٹ کے انعقاد کو بھی سراہا ۔

تقریب میں کھلاڑیوں کی نیلامی شروع ہوئی تو تمام فرنچائز مختلف کیٹگریز کے لیے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں مشغول رہیں۔ ان زمروں میں اوورسیز، پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ ، سلور اور ایمرجنگ شامل تھے۔

  کے پی ایل 2021 میں شامل ٹیموں راولا کوٹ ہاکس کے کپتان شاہد آفریدی، مظفرآباد کے کپتان محمد حفیظ ہیں۔

کوٹلی لائنز کے کپتان فخرزمان مقرر کئے گئے، شاداب خان باغ اسٹالینس کے کپتان ہیں اور اوورسیز واریئر کے کپتان عماد وسیم ہیں۔

واضح رہے کشمیر پریمیئر لیگ  جنت نظیر وادی کے دل مظفرآباد میں 6 سے 17 اگست تک جاری رہے گی  جس کا  شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے۔