بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد نے ”پشتونوں“ سے معافی مانگ لی

ٹوکیو:پاکستان میں مسلسل پانچ مرتبہ قومی بیڈ منٹن چیمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والی ماحور شہزاد کی جانب سے پشتونوں کے بارے میں ایک متنازع بیان دیا گیا جس پر انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کر کے معافی مانگ لی ہے۔

پیغام میں اپنی بات کو مزید واضح کرتے ہوئے ماحور نے لکھا کہ کچھ پاکستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں جو میرے خلاف منفی مہم چلا رہے ہیں، لہٰذا میں نے اس ویڈیو میں صرف ان کا حوالہ دیا۔

ماحور شہزاد نے اپنے بیان کی وجہ سے لوگوں کے احساسات مجروح کرنے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے تحریر کیا کہ مجھے اپنے پشتون بھائیوں اور بہنوں کے جذبات مجروح کرنے پر دل سے افسوس ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے ملک کے تمام سندھی، پنجابی، بلوچ اور پشتون بہن بھائیوں کی حوصلہ افرائی کو اپنی کامیابی کی وجہ قرار دیا۔

انہوں نے حوصلہ افزائی کرنے والوں کو سراہتے ہوئے لکھا کہ آخر میں میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ پنجابیوں، سندھیوں، بلوچوں اور پشتون بھائیوں اور بہنوں کی محبت اور حمایت کے بغیر اس سطح پر مقابلہ کرنا یقینا ناممکن تھا۔

اپنے پیغام میں ماحور شہزاد نے مزید لکھا کہ میں نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے اور آج میں جہاں کھڑی ہوں وہ آپ سب کے پیار اور تعاون کی وجہ سے ہے۔