بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کیخلاف تاریخ رقم کردی

بنگلہ دیش نے ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں آسٹریلیا کو 60 رنز سے ہرادیا، سیریز 1-4 سے اپنے نام کر لی۔ کینگروز تاریخ کے کم ترین اسکور 62 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں بنگلہ دیشن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 123 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 13.4 اوورز میں صرف 62 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یہ کینگروز کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں کم ترین اسکور ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کا کم ترین اسکور 79 رنز تھا جو اس نے انگلینڈ کیخلاف بنایا تھا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہوں نے چار اوورز صرف 9 رنز دیئے۔ میزبان ٹیم نے میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-4 سے جیت لی، ابتدائی تین میچز میں بنگلہ دیش نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو واحد فتح نصیب ہوئی۔