ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ اومان اور متحدہ عرب امارات(یو اے ای) ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق راؤنڈ ون کے میچز 17 اکتوبر سے شروع ہوجائیں گے جب کہ سپر بارہ ٹیموں کا مرحلہ 23 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔

پروگرام کے مطابق روایتی حریف بھارت اور پاکستان کا آمنا سامنا 24 اکتوبر کو دبئی اسٹیڈیم میں ہوگا، 26 اکتوبر کو شارجہ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ میں جوڑ پڑے گا جب کہ 29 اکتوبر کو دبئی میں پاکستان اور افغانستان مدمقابل ہوں گے، 2 نومبر کو ابوظہبی میں پاکستان کا مقابلہ کوالیفائنگ کرنے والی ٹیم سے ہوگا جب کہ 7 نومبر کو شارجہ میں کوالیفائنگ راونڈ کی دوسری ٹیم سے پاکستان کا میچ رکھاگیاہے۔

آئی سی سی کے مطابق 10 نومبر کو پہلا سیمی فائنل ابوظہبی میں ہوگا اور اگلے روز 11 نومبر کو دبئی میں دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا جب کہ ایونٹ کا فائنل 14 نومبر کو دبئی میں کھیلاجائے گا۔