حکومت کا ملک میں نئی اسپورٹس پالیسی بنانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ نے ملک میں کھیلوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ملک میں نئی اسپورٹس پالیسی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ کابینہ کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ٹوکیو اولمپک میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی اور انہیں بہتر سہولیات نہ ملنے کے باعث حکومت پر تنقید کی جارہی تھی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری اسپورٹس فیڈریشنز جس طرح اپنا کام نہیں کر پارہیں اور اولمپک میں جو ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی رہی اس پر وزیراعظم نے ناراضی کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔