افغانستان میں کرکٹ کے حوالے اہم خبر۔۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  افغان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان اوربیٹنگ کوچ نوروز منگل نے کابل میں طالبان سے ملاقات کی ہے۔ طالبان کی نمائندگی جنرل مبین اور قاری سعید نے کی۔

تفصیلات کے مطابق افغان کرکٹ کے نمائندوں کی طالبان سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان نے توقع ظاہر کی ہے کہ طالبان افغانستان میں کرکٹ کے فروغ کی بھرپور حمایت کریں گے۔

افغانستان میں کرکٹ کی داغ بیل ڈالنے والے اللہ داد نوری کا کہنا ہے کہ افغان کرکٹ طالبان کے دور میں شروع ہوئی، امید ہے طالبان کرکٹ کی خدمت کریں گے ، طالبان اپنے لگائے گئے درخت کی آبیاری کریں گے، افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے حوالے سے طالبان کا فیصلہ قبول ہوگا۔

اللہ داد نوری  کا کہنا تھا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ کیلئے تیار ہوں، افغان کرکٹ کی خدمت میری اولین ترجیح ہے، دوسری جانب  افغانستان کرکٹ بورڈ کی سیکورٹی طالبان نے سنبھال لی ہے، بورڈ کے دفاتر اور مقامات کی سیکورٹی پر افغانستان آرمی اور دیگر سیکورٹی ادارے بھی مامور ہیں۔