طالبان نے افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کردی 

کابل:طالبان نے عزیز اللہ فاضلی کو افغانستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کردیا وہ اس سے قبل بھی ایک برس کیلئے افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

بطور سربراہ بورڈ میں واپس لوٹنے پر پاکستان کے خلاف سیریز کا انعقاد پہلا ٹاسک ہوگا، طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد عزیز اللہ فاضلی کی تقرری ملک میں پہلی بڑی کرکٹنگ ڈیولپمنٹ ہے،۔

انھوں نے عاطف مشال کے مستعفی ہونے پر ستمبر 2018 میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی اور جولائی 2019 تک اس عہدے پر فائز رہے تھے تاہم ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ان کی جگہ فرحان یوسفزئی کو بورڈ کا نیا سربراہ بنادیا گیا تھا۔

فاضلی کی تقرری کا فیصلہ اتوار کو طالبان اور اے سی بی آفیشلز کے درمیان میٹنگ میں کیا گیا، وہ افغانستان کرکٹ کے ساتھ مختلف حیثیت میں گذشتہ ایک دہائی سے وابستہ ہیں۔

 وہ ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے والے ابتدائی کرکٹرز میں سے ایک ہیں، وہ ماضی میں بورڈ کے نائب چیئرمین اور ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں۔

 اے سی بی اپنے پلیئرز کو سڑک کے راستے پاکستان اور وہاں سری لنکا بھیجنے پر بھی غور کررہا ہے،۔