پی ڈی ایم کا کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ

کراچی میں اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

پی ڈی ایم نے قائد اعظم کے مزار کے سامنے باغ جناح میں میدان سجایا اور یہ اتحاد کا پیپلزپارٹی کے بغیر کراچی میں پہلا پاور شو تھا۔

جلسے میں سیکڑوں کارکنان نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

جمعیت علمائے اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر قائدین نے جلسہ عام سے خطاب کیا۔

اس کے علاوہ ن لیگ کے قائد نواز شریف نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔

علاوہ ازیں جلسہ عام سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ مارچ 2019 میں عمران نیازی نے سندھ کیلئے  162 ارب روپے کی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا لیکن عمران نیازی نے چند ٹکوں کے علاوہ سندھ کی ترقی کیلئے رقوم مہیا نہیں کیں۔

ان کا کہنا تھاکہ کراچی میں بوری بند لاشیں ملتی تھیں اورلوگوں کے پاس بھتے کی پرچیاں جاتی تھیں لیکن آج کراچی میں بھتہ خوری کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ کیا آٹا، چینی، بجلی، گیس سستی ہوئی؟ عمران خان 350 کینال محل میں بیٹھ کرریاست مدینہ کی باتیں کرتے ہیں۔